صیہونی لابی بانی پی ٹی آئی کو پاکستان پر دوبارہ مسلط کرنےکی کوشش کر رہی ہے،سیاسی اورعسکری قیادت ریاست کے خلاف انتشار ی کارروائیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی،احسن اقبال

103
Federal Minister for Planning Ahsan Iqbal

اسلام آباد ۔22ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پوری قوم جان چکی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے پراجیکٹ کا ماسٹر مائنڈ کون تھا،صیہونی لابی بانی پی ٹی آئی کو پاکستان پر دوبارہ مسلط کرنےکی کوشش کر رہی ہےریاست پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف اس طرح کی مذموم مہم پہلے کبھی نہیں چلائی گئی،بانی پی ٹی آئی کی ایما پر ان کا سوشل میڈیا ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف اپنی مذموم مہم چلا رہا ہے،سیاسی اور عسکری قیادت ریاست کے خلاف انتشار پر مبنی کارروائیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی۔

احسن اقبال نے اتوار کو ظفر وال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اسلامی ٹچ دے کر عوام میں اپنا تشخص قائم کیا، جس کا مقصد پاکستان اور اسرائیل کے تعلقات استوار کرنا ہے،حال ہی میں اسرائیل کے میڈیا میں بانی پی ٹی آئی کے حق میں تیسرا آرٹیکل شائع ہوا ہے ،یروشلم پوسٹ میں شائع مضمون بانی پی ٹی آئی کے حق میں عالمی میڈیا میں جاری مہم کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضمون میں لکھا گیا ہے کہ اسرائیل کو اپنے مقاصد کیلئے پاکستانی قیادت میں تبدیلی لانا ہو گی،پاکستان کو معاشی،سماجی اور سیاسی طور پرکمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ ریاست پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف اس طرح کی مہم پہلے کبھی نہیں چلائی گئی،بانی پی ٹی آئی کی ایما پر ان کا سوشل میڈیا ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف اپنی مذموم مہم چلا رہا ہے،بانی پی ٹی آئی نے 2013 سے اپنی نفرت انگیز مہم شروع کر رکھی ہے، لوگوں کو گمراہ کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز ایجنڈے کا پرچار کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کو ایک مرتبہ پھر سبوتاژ کرنے کی کوششیں جاری ہیں، آج پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور مہنگائی کم ہو رہی ہے، ہمارے معاشی اعشاریے اور اسٹاک مارکیٹ بہتر ہو رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کے جلسے جلوس اور دھرنے سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پہلے چینی صدر کے دورہ کے موقع پر دھرنا دیااور اب پاکستان میں ایس سی او کانفرنس منعقد ہو رہی ہے تو ایک مرتبہ پھر سے جلسے، جلوس اور انتشاری سیاست شروع کر دی گئی ہے، نفرت کی سیاست سے پاکستان میں بدترین تقسیم پیدا کی گئی ہے،بانی پی ٹی آئی کی دوغلی پالیسی ہے، ایک جانب امریکہ سے مدد طلب کی جاتی ہے تو دوسری جانب امریکا پر تنقید کی جاتی ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت ریاست کے خلاف انتشار پر مبنی کارروائیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی، عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے لاہور جلسہ کو بری طرح مسترد کر دیا، بانی پی ٹی آئی سے کہتا ہوں کہ بہت ہو گیا، اب ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گولڈ اسمتھ خاندان کے ساتھ بانی پی ٹی آئی کا رشتہ بہت مضبوط ہے، بانی پی ٹی آئی نے پاکستانیوں سے تعلق توڑ کر گولڈ اسمتھ خاندان سے تعلق جوڑا ہوا ہے، بانی پی ٹی آئی نے پاکستانی نژاد امیدوار کے خلاف باقاعدہ الیکشن مہم چلائی تھی کہ میئر لندن کیلئے صادق خان کو ووٹ نہ دیئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اسرار احمد اور حکیم سعید کی بانی پی ٹی آئی کے بارے میں دہائیوں قبل کی جانے والی پیش گوئیاں سچ ثابت ہو رہی ہیں۔