سعودی عرب کا قومی دن، پاکستانی سفارتخانہ کا مملکت کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ

124
National Day of Saudi Arabia
National Day of Saudi Arabia

ریاض۔23ستمبر (اے پی پی):ریاض میں پاکستانی سفارتخانے نے پیر کو سعودی عرب کے 94 ویں قومی دن کے موقع پر مملکت کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیاہے جبکہ مملکت سعودی عرب کی قیادت اور عوام کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے عربی میں ایک خصوصی ویڈیو بھی جاری کی گئی جس میں علاقائی امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کو دہرایا گیا۔ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ یہ جذبہ خیر سگالی پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے درمیان گہرے، تاریخی اورتذویراتی تعلقات کا ثبوت ہے۔

اس ویڈیو میں سفارتخانہ نے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیاہے جو باہمی احترام، مشترکہ ثقافتی اقدار اور مختلف شعبوں میں تعاون پر مبنی ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب نے علاقائی اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت کی ہے جس سے قابل اعتماد اتحادیوں کے طور پر باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے اس موقع کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس شاندار دن پر ہم نہ صرف مملکت کی کامیابیوں بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ اور اٹوٹ رشتے کو بھی مناتے ہیں، ہم اس عظیم قوم کی قیادت اور لوگوں کے لئے امن، خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا گو ہیں۔ خراج تحسین کی حامل ویڈیو میں تجارت، دفاع، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں کئی دہائیوں کے تعاون پر مبنی خوشحال مستقبل کے مشترکہ وژن پر بھی زور دیا گیا۔