حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کوکنٹرول کرنے کیلئے کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف خصوصی مہم کاآغاز

96
Underage drivers
Underage drivers

فیصل آباد۔ 24 ستمبر (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسرسٹی ٹریفک پولیس فیصل آبادفرحان اسلم نے بتایا کہ کم عمر ڈرائیونگ کے باعث شہر میں حادثات کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے لہٰذا فیصل آباد شہرمیں حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کوکنٹرول کرنے کیلئے کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیاہے۔

انہوں نے بتایا کہ کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف خصوصی مہم شروع کی گئی ہے اوراس ضمن میں تما م ٹریفک پولیس افسران، وارڈنز واہلکاران سے کہاگیاہے کہ وہ موٹر سائیکل، چنگ چی رکشے، ویسپا رکشے، کاریں، ویگنیں اور دیگر اقسا م کی ٹرانسپورٹ چلانے والے کم عمر، ناتجربہ کار، بغیر لائسنس ڈرائیوروں کے خلاف فوری طور پر آپریشن کریک ڈاؤن کریں اور ان کی گاڑیاں قبضہ میں لے کر نہ صرف 72گھنٹوں کیلئے بند کردی جائیں بلکہ ان سے آئندہ کیلئے ڈرائیونگ نہ کرنے کا بیان حلفی بھی لیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ کم عمر ڈرائیوروں کی غلط ڈرائیونگ کے باعث شاہرات پر ٹریفک حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے مالی کے ساتھ ساتھ جانی نقصان کاسامنا بھی کرناپڑرہاہے۔ انہوں نے تمام نو عمر ڈرائیوروں کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی قسم کی غلط ڈرائیونگ سے گریز کریں ورنہ ان کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ سے روکیں تاکہ بعدازاں انہیں کسی پچھتاوے، مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔