اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت سیاحت کی صنعت کے فروغ کیلئے کوشاں ہے، سیاحوں کیلئے فرینڈلی ویزہ سسٹم لائے ہیں ، یہ فیصلہ سیاحت کے شعبہ میں کلیدی کردار ادا کرے گا، آئیے دنیا کے سامنے اپنی روایتی گرمجوشی اور مہمان نوازی سے پاکستان کو ایک اہم سیاحتی مقام بنانے کیلئے مل کر کام کریں، سیاحت کا شعبہ دنیا بھر کے لوگوں کو آپس میں جوڑنے کا ذریعہ ہے، تیزی سے پھیلتی کثیر الثقافتی دنیا میں سیاحت ایک متحرک شعبہ کے طور پر ابھر رہی ہے۔
وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج پوری دنیا میں اقوام متحدہ کے تحت سیاحت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے ، اس سال سیاحت کے عالمی دن کا موضوع "سیاحت اور امن” صحیح معنوں میں سیاحت کے ایک اہم پہلو کی عکاسی کرتا ہے، درحقیقت سیاحت دنیا بھر سے لوگوں کو آپس میں جوڑتی ہے اور اقوام اور متنوع ثقافتوں کے درمیان امن، ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم محرک کا کردار ادا کرتی ہے، تیزی سے پھیلتی ہوئی کثیر الثقافتی دنیا میں سیاحت ایک متحرک شعبے کے طور پر ابھر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام عالم نے عوامی روابط کو بڑھانے، غلط فہمیوں اور دقیانوسی تصورات کو دور کرنے اور سماجی تعامل کے ذریعے ایک مثبت شناخت کو فروغ دینے، تعلقات استوار کرنے اور جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لئے سیاحت کا فائدہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو دلکش مناظر، سرسبز میدانوں، دریاؤں، ندیوں اور پر شکوہ پہاڑی سلسلوں سے نوازا ہے،
پاکستان مہرگڑھ، موہنجو داڑو، ہڑپہ اور گندھارا جیسی قدیم تہذیبوں کا مسکن ہے، انہی خصوصیات کی بنا پر ہمارے پاس سیاحت کی ترقی اور اسے پاکستان کے دور دراز علاقوں میں نچلی سطح پر معاش کی ترقی کے ساتھ منسلک کرنے کے حوالے سے بھرپور مواقع موجود ہیں، ثقافتی تبادلوں کے ذریعے اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور امن کو فروغ دینے کے لئے سیاحت کا استعمال کیا جا سکتا ہے،ہماری نوجوان نسل بھی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینے اور نئے کاروباری ماڈل تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سیاحت کی صنعت میں کاروباری اقدامات کو فروغ دے رہی ہے، اس کے ذریعے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے کسی بھی دوسری صنعت سے زیادہ معاونت فراہم کی جا رہی ہے، ہم سیاحوں کے لئے دوستانہ ویزا نظام لائے ہیں جس کے تحت 126 ممالک کے سیاح بغیر کسی فیس کے فاسٹ ٹریک ویزا حاصل کر سکتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ یہ فیصلہ سیاحت کے شعبے کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔
یہ امر بھی باعث اطمینان ہے کہ وفاق اور صوبے دونوں پاکستان کے تمام خطوں میں تفریح، مہم جوئی، مذہبی، ورثہ، کھیل، ماحولیات، جنگلی حیات اور ثقافتی سیاحت کے فروغ کے لئے قابل تحسین اقدامات کر رہے ہیں۔ آئیے ہم دنیا کے سامنے اپنی روایتی گرمجوشی اور مہمان نوازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے لئے مشترکہ طور پر کام کریں، ہم سب مل کر پائیدار سیاحت کوفروغ دے سکتے ہیں اور اپنی اگلی نسلوں کے لئے ایک روشن اور پرامن مستقبل تشکیل دے سکتے ہیں۔