27.7 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومشوبزپاکستانی صوفی گلوکارہ صنم ماروی کا قونیہ میں صوفی میوزک فیسٹیول میں...

پاکستانی صوفی گلوکارہ صنم ماروی کا قونیہ میں صوفی میوزک فیسٹیول میں فن کا مظاہرہ، سامعین سے بے حد داد وصول کی

- Advertisement -

انقرہ۔27ستمبر (اے پی پی):ترکی کے تاریخی شہر قونیہ میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی صوفی میوزک فیسٹیول میں پاکستان کی معروف صوفی گلوکارہ صنم ماروی نے اپنی روح پرور آواز اور صوفی روایات سے گہرے تعلق سے سامعین کو بے حد محظوظ کیا، صوفی ازم کے شاندار ثقافتی ورثے کی عکاسی کرنے والے اس میلے میں صنم ماروی کی سحر انگیز گلوکاری اور صوفیانہ کلام کے ساتھ پیش کی جانے والی موسیقی نے میلے کا سماں باندھ دیا اور شرکاء سے داد وصول کی، دنیا کے سب سے مشہور صوفی شاعر مولانا جلال الدین رومی کی روح پرور شاعری نے فیسٹیول میں ایک نئی جان ڈالی جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔

یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ترکی میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور شیخ احمد بھٹو اور قونیہ یونیورسٹی کے جنرل سیکرٹری ایرکان اسلو نے صنم ماروی کی روح پرور گلوکاری کی تعریف کی۔ اپنے تعریفی کلمات میں شیخ احمد بھٹو نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات قدیم اسلامی اقدار پر محیط ہیں اور دونوں ممالک مشترکہ مذہبی، ثقافتی، لسانی اور روحانی ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قونیہ یونیورسٹی کے تعاون سے پاکستانی سفارتخانہ پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ ورثے کی عکاسی کرنے والی ثقافتی تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھے گا۔

- Advertisement -

اس موقع پر گلوکارہ صنم ماروی نے اس اہم تقریب میں صوفی کلام پیش کرنے کا موقع فراہم کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مولانا رومی کے شہر قونیہ میں یہ کلام پیش کرنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے، مجھے امید ہے کہ میری پیش کردہ کلام سے شرکاء کو صوفی تعلیمات کی خوبصورتی اور محبت اور اتحاد کے عالمگیر پیغام پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب ملے گی۔گلوکارہ صنم ماروی کی پرفارمنس میں روایتی صوفی قوالیوں اور معاصر تشریحات کا امتزاج پیش کیا گیا جو ماضی کو حال کے ساتھ ملانے کے لئے ان کی منفرد صلاحیتوں کا اظہار تھا۔ موسیقاروں کی دھنوں کے ساتھ مل کر ان کی طاقتور آواز نے سامعین کی جانب سے پرجوش داد وصول کی۔ ہر سال منعقد ہونے والا صوفی میوزک فیسٹیول موسیقی کے ذریعے ثقافتی تبادلے اور تفہیم کو فروغ دینے کے عزم کے لئے جانا جاتا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=506097

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں