اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):سونے کی فی تولہ قیمت میں 700 روپے کمی کے بعد قیمت دو لاکھ 76 ہزار روپے ہو گئی ۔ آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 700 روپے کی کمی ہوئی اور ہفتے کے روز اس کی قیمت 276,000 روپے تک کم ہو گئی جبکہ گزشتہ تجارتی روز سونے کی قیمت 276,700 روپے رہی تھی۔
24 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت بھی 601 روپے کم ہو کر237,226 روپے کے مقابلہ میں 236,625 روپے ہوگئی جبکہ 10 گرام 22 قیراط سونے کی قیمت217,456 روپے سے گھٹ کر 216,907 روپے ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فی تولہ اور دس گرام چاندی کی قیمت بالترتیب 3,050 روپے اور 2,614.88 روپے پر مستحکم رہی۔ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 6 ڈالر کمی سے2,663 ڈالرکے مقابلہ میں 2,657 ڈالر ہو گئی۔