سمبڑیال۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گندم کی کاشت کیلئے سیڈ گریڈڈ اور منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کریں تاکہ فی ایکڑ بہترین پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔ صاف، موٹا،بیماریوں سے پاک، جڑی بوٹیوں پاک بیج بہترین فصل کے ساتھ ساتھ فی ایکڑ زیادہ پیداوار کا ضامن ہے ، گھر کا بیج استعمال کرنا ہو تو اسے لازمی طور پر سیڈ گریڈر کے ذریعے گریڈ کروا کر کاشت کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار احمد وڑائچ نے کسانوں کے ایک وفد سے کیا۔انہوں نے بتایا کہ ماہرین زراعت کے مشوروں کے مطابق گندم کاشت کرنے کے مفید نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں جس سے غذائی خود کفالت سمیت زیادہ خوشحالی بھی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کاشتکاروں کی سہولت کیلئے فری ہیلپ لائن بھی قائم کر رکھی ہے، کسی بھی قسم کی معلومات، مشاورت اور رہنمائی کیلئے صبح 9 سے شام 5 بجے تک فون نمبر15000 -0800پر مفت رابطہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فصل کی اچھی اور بہتر پیداوار کیلئے منظور شدہ قسم کا خالص بیج اور کاشت کا وقت انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، گندم کی کاشت میں کسی قسم کی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی قسم چکوال 50 پنجاب کے تمام بارانی علاقوں میں 15 اکتوبر سے 15 نومبر تک، این اے آر سی 2009 پنجاب کے تمام بارانی علاقوں میں 20 اکتوبر سے 15 نومبر تک، بارس 2009 پنجاب کے تمام بارانی علاقوں میں 20 اکتوبر سے 15 نومبر تک، دھرابی 2011اور پاکستان 2013پنجاب کے تمام بارانی علاقوں میں 20 اکتوبر سے 15 نومبر تک کاشت کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 20 نومبر تک بوائی کیلئے بیج کے اگاؤ کی 85 فیصد شرح کا حامل 50 کلو گرام فی ایکڑ اور 21 نومبر سے 15 دسمبر تک 60 کلوگرام فی ایکڑ استعمال کرنا ضروری ہے۔انہوں نے بتایا کہ گندم کی قسم چکوال 50 کی شگوفے بنانے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے اور اس کی شرح بیج کو 5 کلو گرام فی ایکڑ تک کم بھی کیاجا سکتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=509683