وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کی امریکا کی قائم مقام خصوصی نمائندہ مس لورل ملر سے گفتگو

87
APP53-17 ISLAMABAD: April 17 - Finance Minister, Senator Mohammad Ishaq Dar in a meeting with Ms. Laurel Miller, Acting US Special Representative for Afghanistan and Pakistan. APP

اسلام آباد ۔ 17 اپریل (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بنیادی اہمیت کا حامل سمجھتا ہے، معیشت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون میں مزید اضافے کی توقع رکھتا ہے۔ افغانستان اور پاکستان کیلئے امریکا کی قائم مقام خصوصی نمائندہ مس لورل ملر سے پیر کو وفاقی وزیر خزانہ نے علاقائی رابطوں اور تعاون کے فروغ بالخصوص پاکستان اور افغانستان کے باہمی تعلقات میں اضافہ پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر خطے کے عوام کی ترقی اور اقتصادی خوشحالی کے اہداف بھی زیر بحث آئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی امن سے محبت کرنے والے لوگ ہیں اور حکومت ہمسایوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے برادر ہمسایہ ملک افغانستان میں قیام امن کی ہر کوشش کی حمایت کی ہے جو خطے کے امن کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ وفاقی وزیر نے اپنے آئندہ دورہ واشنگٹن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس موقع پر آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے اجلاسوں میں شرکت کرینگے جبکہ توقع ہے کہ اعلیٰ امریکا حکام سے بھی ملاقات ہو گی۔