فوکل پرسن برائے ڈینگی طاہرہ اورنگزیب کا ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

98

راولپنڈی ۔16اکتوبر (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی و فوکل پرسن برائے ڈینگی طاہرہ اورنگزیب نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے صدر بازار میں موجود بریڈ اینڈ بٹر بیکرز اور سٹی سینٹر کے پارکنگ ایریاز سے لاروا برآمد ہونے پر انکو سیل کر دیا،کمیٹی چوک میں موجود آر ایم فارمیسی، عثمانیہ ریسٹورنٹ اور لاروش ریسٹورنٹ سے لاروا برآمد ہونے پر سیل انکو کر دیا جبکہ لاروش ریسٹورنٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات پر ریسٹورنٹ انتظامیہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات صادر کیے۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہاکہ ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی،ڈینگی پر قابو پانے کیلئے ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے۔ انہوں نےکہاکہ ڈینگی سے بچنے کے لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں ،عوامی تعاون کے بغیر ڈینگی پر قابو پانا ناگزیر ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہاکہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔