لاہور۔21اکتوبر (اے پی پی):اسٹاف ویلفیئر آرگنائزیشن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاقی ملازمین و اہل خانہ کے لیے امدادی فنڈ سے جسمانی معذوری کے حامل افراد کے لیے معاون آلات کی فراہمی کا اعلان کردیا۔
اس اقدام کا مقصد معذور افراد کی روز مرہ زندگی میں آسانی پیدا کرنا اور ان کی بحالی میں مدد فراہم کرنا ہے۔سٹاف ویلفیئر آرگنائزیشن کلب لاہور کے چیف ویلفیئر آفیسر محمد اقبال نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی ملازمین کے اہل خانہ کے لیے امدادی فنڈ سے جسمانی معذوری کے شکار افراد کے لئے
مصنوعی ٹانگ،بازو کا مصنوعی حصہ،گردن کے لیے کالر،میڈیکل جیکٹ،سماعت کا آلہ،وہیل چیئر،تین پہیوں والی سائیکل،بیساکھیاں،سرجیکل جوتوں کے ساتھ کوئی بھی دیگر اشیا جن کی سفارش میڈیکل بورڈ کرے وہ فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں درخواست دینے کے لیے مستحق افراد اسٹاف ویلفیئر آرگنائزیشن کی ویب سائٹ www.swo.gov.pk پر تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں یا ویلفیئر آفس کے فون نمبر 042-99211933 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔یہ امداد مالی سال 2024-25 کے دوران دی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=515250