حکومت معیشت کو مضبوط وافرادی قوت کو بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہے ،رانا مشہود احمد خان

105
Rana Mashhood Ahmed
Rana Mashhood Ahmed

لاہور۔2نومبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کو مضبوط اور افرادی قوت کو بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہے، ملکی ترقی میں نوجوانوں کو نئے کاروباری مواقع فراہم کرنا اولین ترجیح ہے،وزیراعظم کے یوتھ بزنس لون اسکیم میں اضافی 300 ارب روپے مختص کئے گئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز” انٹرنیشنل کانفرنس برائے مینجمنٹ و ریسرچ ”میں بطور مہمان خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر طلبہ، ماہرین تعلیم، محققین اور صنعت سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

رانا مشہود احمد نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ، وہ نوجوان جن کے پاس آئیڈیاز ہیں لیکن مالی مسائل کی وجہ سے اپنا کاروبار شروع نہیں کر رہے، ان کیلئے حکومت نے وزیر اعظم یوتھ لون پروگرام کا آ غاز کیا گیا ہے ،نوجوان یوتھ پروگرام استعمال کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو آئے ہوئے ابھی 6 ماہ ہوئے ہیں اور تمام ادارے دیکھیں مثبت ہیں ،ہر ادارے کی کارکردگی پہلے سے بہت بہتر ہے ، ملک میں بیرونی سرمایہ کاری آنے لگی ہے ،دنیا میں ڈرائیونگ انجن اب آئی ٹی بن چکا ہے ، سروے رپورٹ بنانے والی عالمی تنظیمیں بھی پاکستان کی معیشت کو ماضی کی نسبت اب مستحکم قرار دے رہی ہیں ۔

رانا مشہود نے مزید کہا کہ سب سے زیادہ ہمیں تعلیم پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ،بالخصوص بچوں کو اچھی تعلیم مہیا کرنے کی ضرورت ہے ،بچے پاکستان کا متسقبل ہیں ،اگر ابتدا سے ہی بچوں کو جدید تعلیم سے آ راستہ کیا جائے گا تو آگے جا کر انہیں ملکی ترقی اور اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی نے اپنے چار سالہ دور حکومت میں شعبہ تعلیم پر کوئی توجہ نہیں دی بلکہ اپنی منفی پالیسیوں کی بدولت اس مقدس شعبے کا بیڑہ غرق کر دیا لیکن جب ہم نے ذہین طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے تو ماضی کی حکومت کی جانب سے اس پر اعتراض اٹھائے گئے اور سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی ، نوجوانو کے مسائل پر ہم نے بے تحاشہ کام کیا ، یوتھ مسائل پر اگر کھل کر بات نہیں ہوسکے گی تو ان کے مسائل بھی حل نہیں ہو ں گے۔

رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان کی معاشرتی اور اقتصادی ترقی میں نوجوانوں کے اہم کردار کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، حکومت نوجوانوں کو ضروری وسائل، مہارتوںاور مواقع فراہم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے تحت متعارف کردہ مختلف اہم منصوبے پیش کیے جو نوجوانوں کی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے، ڈیجیٹل مہارتوں کو بڑھانے اور اقتصادی خودمختاری کے فروغ پر مرکوز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب نوجوانوں کے قومی پروگراموں کو عالمی، اقتصادی اور ڈیجیٹل رجحانات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو گی، جس کا مقصد پاکستانی یوتھ کے لیے نئے کاروباری مواقع و ملازمتیں پیدا کرنا اور آئندہ نسلوں کے لیے ایک مضبوط اقتصادی بنیاد قائم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے کاروباری اقدامات کی حمایت کیلئے حکومت نے وزیراعظم کے یوتھ بزنس لون اسکیم میں اضافی 300 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ مالی معاونت نوجوان کاروباریوں کو سرمایہ تک رسائی فراہم کرے گی اور انہیں نئے کاروبار شروع کرنے، اختراعات لانے اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں شراکت کرنے کی ترغیب دے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے ابھرتے ہوئے شعبوں میں تربیت یافتہ مزدوروں کی بڑھتی ہوئی مانگ کے جواب میں وزیراعظم کے یوتھ اسکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام کی تربیتی صلاحیت 4 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کی جائے گی، اس توسیعی منصوبے سے مزید پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی، انجینئرنگ، ہیلتھ کیئر اور دیگر ہنر مند شعبوں میں عملی مہارتیں حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

رانا مشہود نے کہا کہ وزیراعظم کی آئی ٹی منصوبوں، خصوصاً لیپ ٹاپ اسکیم نے پاکستان کے نوجوانوں کو فری لانسنگ اور ای کامرس کے شعبے میں اپنا مقام بنانے میں مدد دی ہے، اس اسکیم کے ذریعے نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بننے اور خودمختار ڈیجیٹل نظام کو فروغ دینے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار ایک ڈیجیٹل یوتھ ہب کو متعارف کرایا گیا ہے جو پاکستانی نوجوانوں کو ڈیجیٹل مواقع، وسائل اور تربیتی پروگراموں تک رسائی فراہم کرتا ہے، یہ ہب ایک مرکزی پلیٹ فارم ہے جہاں نوجوانوں کو کیریئر رہنمائی، ملازمت کے مواقع اور کاروباری تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ رانا مشہود نے اقتصادی خودمختاری کی حکومتی کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف پر انحصار کم کرکے اپنی معیشت کو مضبوط بنانے اور افرادی قوت کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔