صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے چلڈرن ہسپتال لاہور میں نئے ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کر دیا

110

لاہور۔4نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے چلڈرن ہسپتال لاہور میں نئے ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال پروفیسر ٹیپو سلطان، پروفیسر جنید رشید، چیئرمین اسلامک ایڈ محمودالحسن، فیکلٹی ممبران و دیگر موجود تھے۔تقریب میں کینیڈین وفد نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت نے اس موقع پر ڈے کیئر سنٹر کا معائنہ کیا اور بچوں کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔پروفیسر مسعود صادق نے ڈے کیئر سنٹر میں فراہم کی جانے والی سہولیات بارے بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کینیڈین وفد سے ملاقات بھی کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ چلڈرن ہسپتال کے ورکنگ لیڈی ڈاکٹرز اور عملہ کے بچوں کیلئے ڈے کیئر سنٹر کا قیام انتہائی عمدہ اقدام ہے۔ ڈے کیئر سنٹر کے قیام میں معاونت پر اسلامک ایڈ کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہاکہ چلڈرن ہسپتال میں جلد جیمنیزیم بھی قائم کیا جائے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب معصوم بچوں کے علاج و معالجہ کیلئے بہترین اور بنیادی اقدامات اٹھا رہی ہے۔حکومت پنجاب مریضوں کی آسانی کیلئے چلڈرن ہسپتال لاہور کی توسیع کا ارادہ رکھتی ہے۔