ڈائریکٹر جنرل بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام سندھ کا بےنظیر کفالت فنڈز کی تقسیم کا جائزہ لینے کے لئے ٹنڈو محمد خان کا اچانک دورہ

108

حیدرآباد۔ 05 نومبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام سندھ ذوالفقار شیخ کا بےنظیر کفالت فنڈز کی تقسیم کا جائزہ لینے کے لئے ٹنڈو محمد خان کا اچانک دورہ، دورے کے دوران انہوں نے مونو ٹیکنیکل کالج ٹنڈو محمد خان کے ساتھ ساتھ بلڑی شاہ کریم اور جنھان سومرہ میں خاص طور پر قائم کی جانے والی ادائیگی کیمپس کا معائنہ کیا اور کچھ مقامات پر کٹوتی کی شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کیا اور کٹوتی کرنے والے تین ایجنٹوں کو بلیک لسٹ کردیا۔

اس موقع پر ڈی جی سندھ نے اسلام آباد سے ضلع مانٹرنگ کے لئے آئے ڈپٹی ڈائریکٹر شفق اللہ اور ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر فیصل مصطفیٰ سے تفصیلات بھی لیں جنہوں نے انہیں آگاہ کیا کہ ضلع میں مستحق گھروں کی تعداد 50500 ہے جن میں سے 75 فیصد مستحقین کو ادائیگی ہو چکی ہے۔ اس کے بعد کیمپ سائٹس کی تعداد 8سے کم کرکے 4 کی گئی ہے۔ ان کیمپ سائٹس کا مقصد مستحقین کو کنٹرولڈ ماحول میں سخت نگرانی کے تحت پورے فنڈز فراہم کرنا ہے۔ پالیسی کے مطابق 80 فیصد ادائیگی کے بعد کیمپس ختم کر دیے جائیں گے اور یہ ادائیگیاں بی آئی ایس پی کے تعلقہ دفاتر سے کی جائیں گی۔