سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سٹی ٹریفک پولیس کا ائیرپورٹ پر آگاہی مہم اور ڈرائیونگ لائسنس رجسٹریشن کا انعقاد

76
سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سٹی ٹریفک پولیس کا ائیرپورٹ پر آگاہی مہم اور ڈرائیونگ لائسنس رجسٹریشن کا انعقاد

سیالکوٹ۔ 09 نومبر (اے پی پی):سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ (سیال)اور سٹی ٹریفک پولیس کے باہمی اشتراک سے سیال سیکرٹریٹ میں ٹریفک قوانین اور ڈرائیونگ بارے خصوصی آگاہی مہم کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔ اس آگاہی مہم کا مقصد روڈ سیفٹی اور ڈرائیونگ کے ذمہ دارانہ طریقوں کو فروغ دینا تھا۔

اس تقریب کو ڈرائیونگ لائسنس رجسٹریشن کیمپ کے ساتھ جوڑا گیا جس سے سیال ملازمین کو موقع پر ہی اپنے ڈرائیونگ لائسنس رجسٹریشن حاصل کرنے اور اس کی تجدید کا موقع فراہم کیا گیا۔جنرل منیجر ایڈمن اینڈ سکیورٹی ایئر کموڈور (ریٹائرڈ)راشد محمود باجوہ اور سینئر مینجر ویجیلنس طارق بٹ نے ٹریفک پولیس ٹیم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جی ایم ایڈمن اینڈ سکیورٹی راشد باجوہ نے کہا کہ ہم شہر میں ٹریفک پولیس کے کردار کو سراہتے ہیں اور بیداری پیدا کرنے کا ان کا ڈومین انتہائی قابل تعریف ہے۔

آگاہی اور ڈرائیونگ لائسنس رجسٹریشن کا یہ سیشن ملازمین کے لئے نہایت مفید ہے اور ان میں ٹریفک سینس کو بڑھانے کے لیے بھی اہم ہے۔ آگاہی سیشن میں ڈرائیورز اور دیگر اراکین سمیت سیال کے عملے نے بھی شرکت کی۔ سیشن کے دوران جن اہم موضوعات کو زیر بحث لایا گیا ان میں ٹریفک کے اصول و ضوابط، سیٹ بیلٹ کی اہمیت، ڈرائیونگ کے خطرات اور مختلف حالات میں محفوظ ڈرائیونگ کے لیے نکات شامل تھے۔ سٹی ٹریفک پولیس سیالکوٹ سیال کے سینئر حکام نے اس کی اہمیت پر زور دیا۔