پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر شکست دے کر ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سیریز جیت کر تاریخ رقم کردی

پرتھ ۔10نومبر (اے پی پی):پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پرشکست دے کر ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سیریز جیت کر تاریخ رقم کردی ہے، پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں مقررہ 141 رنز کا ہدف 27 ویں اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، صائم ایوب 42 رنز اور عبداللہ شفیق 37 رنز کے …

پرتھ ۔10نومبر (اے پی پی):پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پرشکست دے کر ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سیریز جیت کر تاریخ رقم کردی ہے، پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں مقررہ 141 رنز کا ہدف 27 ویں اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، صائم ایوب 42 رنز اور عبداللہ شفیق 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے 3، 3 حارث رئوف نے 2 جبکہ محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اتوار کو پرتھ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 140 رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے سین ایبٹ 30 رنز بناکر نمایاں رہے، جیک فریزر میکگورک صرف 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور میتھیو شارٹ نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔کپتان جوش انگلس بھی 7 ہی رنز بناسکے، ایرون ہارڈی نے 12 رنز اسکور کیے، کوپر کونولی 7 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، محمد حسنین کی گیند ان کے ہاتھ پر لگی جس سے وہ انجرڈ ہوگئے۔

گلین میکسویل مسلسل تیسرے میچ میں حارث رؤف کا شکار بنے، وہ صفر پر ہی پویلین واپس لوٹ گئے، آل راؤنڈر مارکس اسٹونئس بھی 8 رنز ہی بناسکے، ایڈم زمپا نے 13 رنز بنائے۔ پاکستانی بائولرز نے شاندار بائولنگ کرتے ہوئے 31.5 اوورز میں آسٹریلیا کے 9 کھلاڑی 140 رنز پر پویلین بھیج دیئے جب کہ ایک کھلاڑی انجری کی وجہ سے دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں نہیں آیا۔

پاکستان نے 141 رنز کا ہدف 27ویں اوور میں حاصل کرلیا، کپتان محمد رضوان اور بابر اعظم بالترتیب 30 اور 28 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے۔ اوپنر عبداللہ شفیق 37 اور صائم ایوب 42 رنز بناکر لانس مورس کی گیند کا شکار ہوئے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں 2002 میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے کپتان وسیم اکرم کی قیادت میں کینگروز کے خلاف آسٹریلیا میں ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سیریز جیتی تھی۔ سیریز کے دوران پہلا میچ میں آسٹریلیا نے جیت کر پاکستان کے خلاف پہلی کامیابی حاصل کی تھی جبکہ سیریز کے آخری دونوں میچ پاکستان نے جیت کر سیریز اپنے نام کرلی۔

مزید خبریں