بولان۔ 20 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کچھی جہانزیب بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا تمام محکموں کی ذمہ داری ہے، عوام کو ریلیف کی فراہمی میں غفلت اور تاخیر ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس کچھی میں وائس چیئرمین مچھ ٹکری حاجی میر سوداگرخان سمالانی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مچھ میں گیس پریشراور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق عوامی شکایت کا فوری ازالہ کیا جائیگا ۔وفد میں ڈھاڈر کے سینئر صحافی عبداللہ بلوچ محمد اسلم بوہڑ فرحان غنی جمالی پریس کلب مچھ کے جنرل سیکرٹری محمدعمران سمالانی شامل تھے
جبکہ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈھاڈر قاضی محمد پرویز ای ایس پی کے ضلعی منیجر محمد اعظم مری ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر احکام الدین ساتکزئی ودیگربھی موجود تھے۔ وفد نے انہیں کچھی بلخصوص تحصیل مچھ میں گیس پریشر میں غیر معمولی کمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ مصنوعی مہنگائی اور غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ اشیاء خوردنوش کی فروخت ضلع کچھی کے مختلف تحصیلوں کے سکولوں کی بندش سمیت عوام کو درپیش مختلف اجتماعی عوامی مسائل سے آگاہ کی ڈی سی کچھی نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے عوامی اجتماعی اور جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ عوام کو سہولت فراہم کرنے کیلئے پوری طرح متحرک ہے مچھ اور ڈھاڈر شہر میں گیس پریشر میں کمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ودیگر مسائل کا جائزہ لے کر اس اہم عوام کی بنیادی مطالبے کو حل کیا جائیگا