لاہور۔20نومبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بدھ کے روز پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج آرٹ اینڈ کلچر لاہور میں دوسری سالانہ بین الاقوامی پنجابی کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں امریکہ، کینیڈا، انڈیا اور آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک سے آئے مہمانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجابی صوفیا اور اولیائے کرام کی زبان ہے جن کے ذریعے اسلام برصغیر پاک و ہند میں پھیلا۔انہوں نے کہا کہ پنجا بی زبان اور ادب ہماری پہچان ہے اس کا فروغ بہت ضروری ہے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کوشش کروں گا کہ اگلی پنجابی کانفرنس کا انعقاد گورنر ہائوس لاہور میں ہو۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت اچھی بات ہے کہ پنجاب، پنجابی اور پنجابی لوگوں کی تحریک صرف ادب تک محدود نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد پنجاب کے ماحول، صنفی مساوات، سیاسی شعور اور تاریخ کے بارے میں بھی علم کو پھیلاناہے۔
انہوں نے کہا کہ میں انتظامیہ کو کم وسائل میں پنجابی زبان کے فروغ کے لیے کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔