سنگاپور۔21نومبر (اے پی پی):سنگاپور میں پاکستان کی ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے سنگاپور کے ساتھ ساتھ آسیان ممالک کی مارکیٹ میں پاکستان کی زرعی، گوشت اور دودھ کی مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی تقریبات کے انعقاد پر زور دیا ہے ۔
انہوں نے یہ بات یہاں منعقدہ سنگاپور انٹرنیشنل ایگری فوڈ ویک میں شریک کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہی۔ سنگاپور انٹرنیشنل ایگری فوڈ ویک عالمی صنعت کے رہنماؤں، پالیسی سازوں اور اختراع کاروں کو نئی شراکتیں بنانے اور پورے خطے میں زرعی خوراک کی ٹیکنالوجی کی ترقی اور اپنانے کے مواقع کی تلاش کے ساتھ ساتھ معلومات کے تبادلے اور نیٹ ورکنگ کے لیے قابل قدر پلیٹ فارم بھی فراہم کرتا ہے جو ایشیا میں ایک پائیدار اور صحت مند زرعی خوراک کے نظام کی طرف منتقلی کو متحرک کرتا ہے۔