لاہور۔28نومبر (اے پی پی):ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر لاہور پولیس کی شہر میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے موثر کارروائیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نوانکوٹ پولیس نے کاروائی کے دوران بدنام زمانہ ریکارڈ یافتہ منشیات فروش عرفان عرف کالی کو گرفتار کر لیا۔ ملزم لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں اور بازاروں کے گرد منشیات فروخت کرتا تھا۔قبضہ سے 2کلو سے زائد چرس برآمدکر لی گی۔ اسی طرح شادمان پولیس نے سروسزہسپتال کے عقب سے منشیات فروش گرفتار کر لیا۔
ملزم سعید ضلع قصور سے لاہور منشیات سپلائی کرتا تھا۔ ملزم کے قبضہ سے 1 کلو 520گرام چرس برآمدکی گئی۔مسلم ٹائون کے علاقے میں شراب فروش احتشام کو گرفتار کر کے قبضہ سے 12 بوتلیں شراب برآمد کی گئی۔پرانی انارکلی کے علاقے میں معمولی تلخ کلامی پر محلہ دارکو قتل کر کے فرار ہونے والا ملزم گرفتارکر لیا گیا۔ ملزم رمضان نے نواں کوٹ کے علاقہ میں 3سال قبل قتل کیا تھا اور فرار ہو گیا تھا۔اسی طرح داتا دربار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو اشتہاری گرفتارکر لیے۔ ملزمان کاشف اور تصور فیصل آباد اور لاہور پولیس کو مطلوب تھے۔
مسلم ٹائون کے علاقے سے رائیونڈ پولیس کو مطلوب اشتہاری فریاد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم فراڈ کے مقدمہ میں اشتہاری تھا۔ڈولفن سکواڈ نے گذشتہ 72گھنٹوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران 27اشتہاریوں سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب 183 ملزمان کو گرفتارکر لیا۔ملزمان کے قبضہ سے 1 پستول، 3 موبائل فونز اور 14ہزارسے زائد نقدی برآمدکی گئی۔
مزید برآں غازی آباد کے علاقے میں ڈائپر ز کی دوکان پر دوران ڈکیتی مزاحمت پر زخمی ہونے والے ڈاکو کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈاکو کاشف ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا۔ ملزم کو طبی امداد کے لیے فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ دوکاندار حفیظ الرحمان کی مدعیت میں زخمی ڈاکو محمد کاشف اور نا معلوم ڈاکو کے خلاف فوری مقدمہ درج کر لیا گیا۔