وزیر اعلی پنجاب کا ٹریفک حادثے میں مخدوم سید علی حسن گیلانی کی وفات پر اظہار تعزیت

109

لاہور۔1دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ٹریفک حادثے میںسابق رکن قومی اسمبلی مخدوم سید علی حسن گیلانی کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔اتوار کے روز اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مخدوم سید علی حسن گیلانی ایک شریف النفس انسان اور زیرک سیاستدان تھے، انہوں نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے مثبت کردار ادا کیا ، ان کا شمار پاکستان کے ان باکردار سیاستدانوں میں ہوتا تھا جنہوں نے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے سر توڑ کوششیں کیں ۔

وزیر اعلی نے کہا کہ مخدوم سید علی حسن گیلانی نے ہمیشہ اپنے مفاد ات کو چھوڑ کر ملکی مفاد کو ترجیح دی ،مرحوم نے اپنے حلقہ انتخاب میں بے پناہ ترقیاتی کام کروائے،ان کی وفات سے پاکستان ایک محب وطن سیاستدان سے محروم ہو گیا جس کا خلا صدیوں پورا نہیں ہو گا۔وزیر اعلی پنجاب نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنی جواررحمت میں جگہ اور لواحقین کو یہ صدمہ حوصلے و ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق دے،انہوں نے مرحوم کے بلند درجات کیلئے بھی دعا کی ۔