اسلام آباد،وزارت انسانی حقوق کے زیر اہتمام خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے 16 روزہ مہم کا آغاز

105
Ministry of Human Rights
Ministry of Human Rights

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وزارت انسانی حقوق کے زیر اہتمام پیر کو یہاں خواتین و لڑکیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کی 16 روزہ مہم کا آغاز ہو گیا۔ پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت انسانی حقوق صبا صادق نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہم پاکستان کے صنفی تشدد کے خاتمے کے عالمی عزم کا حصہ ہے۔ اس سال کا موضوع "یونائیٹ! خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے سرمایہ کاری کریں” کے تحت حکومت پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کرتا ہے۔

انہوں نے پاکستان کے مضبوط قانونی اور پالیسی فریم ورک کی تفصیل پیش کی جو بین الاقوامی معاہدوں اور آئینی اصولوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے اہم اقدامات کا ذکر کیا جن میں انسداد ہراسیت ایکٹ، خواتین کے جائیداد کے حقوق کا نفاذ ، ہیلپ لائنز اور پناہ گاہوں کی سہولیات شامل ہیں،اس کے علاوہ پنک بس سروس اور ویمن آن وہیلز جیسے منصوبے خواتین کی نقل و حرکت اور خود مختاری کو بڑھاتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 20 ملین خواتین کو مالی امداد فراہم ،عوامی آگاہی، متاثرین کی بحالی اور نظامی اصلاحات کے لیے اقوام متحدہ کی ویمن تنظیم کے ساتھ تعاون کیا جا رہا ہے۔

صبا صادق نے اس بات پر زور دیا کہ صنفی تشدد کو ختم کرنے کے لیے حکومت، غیر سرکاری تنظیموں، اقوام متحدہ اور مقامی کمیونٹیز کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسا معاشرہ بنانے کے لیے پرعزم ہے جو خوف اور تشدد سے پاک ہو، جہاں ہر فرد کو مساوات، انصاف اور عزت حاصل ہو۔ تقریب میں سفیروں، پارلیمنٹیرینز اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی