وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کا آر آئی یو جے دستور گروپ کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب

100
APP94-03 ISLAMABAD: May 03 – Ms. Marriyum Aurangzeb, Minister of State for IB&NH addressing at oath taking ceremony of elected office bearers of RIUJ (Dastoor Group). APP

اسلام آباد ۔ 3 مئی (اے پی پی) وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت میڈیا کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے پرعزم ہے‘ اخباری ملازمین کے عملدرآمد ٹریبونل (آئی ٹی این ای) میں صحافیوں کے مقدمات تیزی سے نمٹانے کے لئے طریقہ کار وضع کیا جائے گا‘ ریجنل اخبارات میں کام کرنے والے صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس دستور گروپ کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے کی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی سلامتی اور فلاح و بہبود کے لئے بل تیار کیا جارہا ہے اور اسے متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے حتمی شکل دی جائے گی۔ نئے بل کے تحت صحافیوں کا قانونی تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ ویج بورڈ ایوارڈ صحافیوں کا حق ہے‘ یہ حق انہیں مل کر رہے گا۔ اٹھارہویں ترمیم کے بعد اس سلسلے میں کچھ پیچیدگیاں ہیں تاہم اس سلسلے میں وزارت قانون سے رائے طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحافیوں کو دیگر ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ملک سے زیادہ آزادی حاصل ہے۔ رپورٹر کا کام تقاریب اور واقعات کی رپورٹنگ کرنا ہوتا ہے نہ کہ اپنے خیالات پیش کرنا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت صحافیوں کو پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔