30.5 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 17, 2025
ہومزرعی خبریںگائے و بھینس کو تازہ پانی کی فراہمی دودھ و گوشت کی...

گائے و بھینس کو تازہ پانی کی فراہمی دودھ و گوشت کی پیداوار20فیصد تک بڑھا سکتی ہے،ڈائریکٹر لائیو سٹاک

- Advertisement -

فیصل آباد ۔ 06 دسمبر (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد کے ڈویژنل ڈائریکٹر ڈاکٹرندیم بدرنے بتایا کہ پینے کا تازہ و صاف پانی جس طرح انسانی صحت کیلئے انتہائی مفید ہے وہیں جانوروں، مویشیوں اور پرندوں بالخصوص دودھ دگوشت دینے والے جانوروں پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں لہٰذا اگر دودھ دینے والی گائے و بھینس کو روزانہ 45 لیٹراور خشک گائے و بھینس کو بھی 45لیٹر پینے کاتازہ پانی فراہم کیا جائے تو اس کی روزانہ دودھ و گوشت کی پیداوار20فیصد تک بڑھ سکتی ہے جبکہ مرغیوں کیلئے بھی 24گھنٹے کے دوران آدھا لیٹر اور بھیڑ بکریوں کیلئے دن میں کم از کم 7لیٹر پینے کاپانی فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔

اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے مویشی پال حضرات کو ہدایت کی کہ وہ دن میں 4مرتبہ باڑوں کے اندر مویشیوں و جانوروں کو تازہ پانی و افر مقدارمیں فراہم کریں تاکہ دودھ اور گوشت کی پیداوارمیں خاطر خواہ اضافہ یقینی ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ گائے وبھینس سمیت دودھ دینے والے دیگر مویشیوں و جانوروں کو متوازن غذا اور تازہ پانی فراہم کرکے دودھ کی یومیہ پیداوار میں اضافہ کیاجا سکتاہے وہیں مویشی پال حضرات جانوروں کو حفاظتی ویکسین کے ٹیکے لگوانے میں بھی کسی تساہل کامظاہرہ نہ کریں تاکہ مویشیوں وجانوروں کی دودھ و گوشت کی صلاحیت متاثر نہ ہوسکے اور عوام الناس کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صحت مند دودھ و گوشت کی فراہمی بھی ممکن ہو سکے۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایاکہ مویشیوں کی جس قدر بہتر نگہداشت کی جائے وہ اسی قدر بہتر افزائش پاتے اور زیادہ پیداوار فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ جس طرح عام انسان کیلئے تازہ پانی انتہائی اکسیر کی حیثیت رکھتاہے بالکل اسی طرح مویشیوں و جانوروں میں بھی پانی کی اہمیت و افادیت سے انکار ممکن نہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت صحت بخش گوشت کی فراہمی کیلئے شتر مرغ فارمنگ اور اس کے گوشت کی فروحت پربھی خصوصی توجہ دے رہی ہے جبکہ عوام کو چربی اورکولیسٹرول سے پاک گوشت فراہم کرناحکومتی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ لوگوں کوکولیسٹرول کی زیادتی سے پیدا ہونے والی مہلک بیماریوں سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ شتر مرغ کا گوشت غذائیت، زنک اور سیلنیم سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ انسانی صحت کیلئے بے حد مفید ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری شادی بیاہ سمیت دیگر تقریبات میں شتر مرغ کے گوشت کا استعمال یقینی بنائیں جبکہ بچوں میں شتر مرغ کے گوشت کا استعمال ذہنی وجسمانی بیماریوں سے بچانے میں ممدومعاون ثابت ہوتا ہے اور اس گوشت میں وٹامن بی 6،بی 12 اور وٹامن کے بچوں سمیت بڑوں کی نشو و نما میں اہم کردار اداکرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شتر مرغ کے گوشت کا استعمال شوگر کے مریضوں کیلئے انتہائی فائدہ مند ہے کیونکہ اس کے گوشت میں موجود زنک کی مقدار جسم میں انسولین کا کام کرتی ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=532748

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں