لاہور۔17دسمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا حالیہ دورہ چین کامیاب رہا،مریم نواز ملکی تاریخ کی واحد وزیراعلی ہیں جن کو چین میں ہیڈ آف سٹیٹ کا پروٹوکول دیا گیا،جلد ملک میں چینی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا،ہم باتیں نہیں عملی اقدامات کر کے دکھاتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیرعلی مریم نواز8 سے15 تاریخ تک چین کے سرکاری دورے پر تھیں،ان کا یہ دورہ نہایت کامیاب رہا ،جلد اس دورے کے مثبت اثرات سے ملک میں مزید چینی سرمایہ کاری کی صورت میں نکلیں گے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلی نے چین کے 4 شہروں کا دورہ کیا اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مختلف اجلاسوں میں شرکت کی،مریم نواز پاکستان کی تاریخ کی واحد وزیراعلی ہیں جن کو چین میں ہیڈ آف سٹیٹ کا پروٹوکول دیا گیا ،مسلم لیگ( ن )کو بطور پارٹی زیادہ ہائی لائٹ کیا گیا جو اس پر اعتماد کا مظہر ہے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کےوائس چیئرمین لی ہونگ زونگ کی وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے آدھے گھنٹے کی ملاقات شیڈول تھی لیکن بعد میں وزیراعلی مریم نواز کی قابلیت اور ترقی کے ویژن کو دیکھتے ہوئے انہوں نے ایک گھنٹے کا وقت دیا اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں تعاون کا یقین دلایا،مختلف کمپنیوں سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ شعبہ زراعت،جدید ٹیکنالوجی،ایجوکیشن،تجارت،ماحولیات سمیت جدید ترین زرعی آلات کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا
،مریم نواز نے چائنہ کے تاجروں اور سرمایہ داروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی،پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے60 سے زیادہ کمپنیوں کا رسپانس بہت اچھا تھا،جلد عوام کو خوشخبریاں ملیں گی۔وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹرانسپورٹ کیلئے5 سالہ منصوبہ بنایا ہے،ہمیں ساری ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک پر شفٹ کرنا ہے،700 کے قریب الیکٹرک بسیں چین سے خریدی جائیں گی
،جلد الیکٹرک بسوں کا پہلا فلیٹ لاہور پہنچ جائے گا۔اسی طرح وزیراعلی نے چینی کمپنی کو پنجاب میں سولر پلانٹ لگانے کی اجازت دی ہے،جس سے انرجی کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی،وزیر اعلی مریم نواز نے چین میں زرعی آلات بنانے والی کمپنی کا بھی دورہ کیا جس کا مقصد صوبہ میں جدید ٹریکٹر سازی کی صنعت کو فروغ دینا تھا۔عظمی بخاری نے کہا کہ سکیورٹی کے حوالے سے کچھ خدشات رہتے ہیں،
وزیراعلی نے چینی سرمایہ کاروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کا وعدہ کیا ہے، آپ جلد پنجاب میں چینی کمپنیوں کو کام کرتا دیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ لاہور کو جدید ترین سمارٹ سٹی بنانے کا پلان بنایا گیا ہے،لاہور جلد جدید ترین سمارٹ سٹی ہوگا،پنجاب میں نواز شریف1000 بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال بنانے جا رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبا جو چین میں زیر تعلیم ہیں جلد ان کی تعداد میں اضافہ کر کے مزید طلبا کو اعلی تعلیم کیلئے چین بھیجا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبا اس سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے کہاکہ جلد لاہور کی سڑکوں پر چارجنگ سٹیشن بھی نظر آئیں گے
،بچوں کو دی جانے والی الیکٹرک وہیکلز کیلئے جلد چارجنگ سٹیشنز بنیں گے،وزیراعلی مریم نواز نے پنجاب کو جدید سہولیات اور جدید خطوط پر استوار کرنے کا جو عہد کیا ہے اس پر بڑی تیزی سے کام ہو رہا ہے،فسادی تھوڑی دیر ملکی ترقی کو برداشت کر لیں تو پاکستان مزید ترقی کرے گا۔