اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت پارا چنار سمیت صوبہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے لئے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے تاہم صوبائی حکومت کو بھی اپنے فرض اور ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہئے۔
جمعرات کو سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کے پارا چنار میں امن و امن کی صورتحال کے حوالے سے توجہ مبذول نوٹس پر جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پارا چنار میں ظلم و بربریت پر ہم سب کو آواز اٹھانی چاہئے، وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے، ادویات سمیت دیگر امور میں وفاقی حکومت معاونت پر تیار ہے لیکن اس معاملے پر صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی جواب نہیں آ رہا۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کا فرض ہے اور اولین ترجیح ہونا چاہئے، وفاقی حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے، صوبائی حکومت کو جہاں ضرورت ہو گی مدد فراہم کریں گے، وفاق کے نمائندے گورنر خیبرپختونخوا نے جرگہ بلایا، وزیراعلیٰ نے اس میں شرکت نہیں کی، ہمیں ایسے معاملات پر سیاست نہیں کرنی چاہئے، صوبائی حکومت سے بھی اس معاملے پر پوچھنا چاہئے جب وہاں آگ لگی تو وہ یہاں لشکر لے کر آ گئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=537702