اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):سی ڈی اے مزدور یونین(سی بی اے) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین،صدراورنگزیب خان ودیگر عہدیداران نے آر آئی یو جے کے نومنتخب صدر محمد طارق عثمانی،جنرل سیکرٹری رضوان غلزئی و دیگر کو مبارکباد دی ہے۔ جمعہ کو جاری بیان میں مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ صحافت کے شعبہ سے وابستہ افراد قلم کے مزدور ہیں، یہی وجہ ہے کہ دیگر اداروں میں کام کرنے والے محنت کش اور صحافی برادری کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے۔
سی ڈی اے مزدور یونین ہمیشہ صحافی برادری کی جدوجہد میں برابرکی شریک رہی ہے کیونکہ صحافی برادری نے محنت کشوں کے مسائل کو قلم کے ذریعے جس طرح اجاگر کیا وہ قابل تحسین ہے۔ اس موقع پر ہم یقین دلاتے ہیں کہ سی ڈی اے مزدور یونین ہر فورم پر صحافیوں کے حقوق اور ان کے مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔