اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والی مسیحی برادری کو کرسمس کے تہوار پر مبادکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کادن مسیحی برادری کے لئے بڑا مقدس دن ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کے عقائد کو عزت و احترام دینا ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے اور پر امن بقائے باہمی کے تحت ہی ہم ترقی کی نئی منزلیں طے کر سکتے ہیں ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان بین العقائد اور بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے ،پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیراعظم میں نے اقلیتی برادری کے لئے خصوصی وزارت تشکیل دی اور انہیں کابینہ میں باقاعدہ نمائندگی دی تاکہ فیصلہ سازی کے عمل میں اقلیتی برادری کی آواز شامل ہو۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ہم سب کو انفرادی اور اجتماعی فلاح و بہبود کےلئے مل کر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کو امن کا گہوارا بنایا جا سکے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بحیثیت مسلمان حضرت عیسیٰ ؑ ہمارے لئے قابل احترام ہیں اور حضرت عیسیٰ ؑ کا امن و محبت کا پیغام اور تعلیمات ہمارے لئے اتنی ہی اہم ہیں جتنی ہماری مسیحی برادری کےلئے ۔چیئرمین سینیٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسیحی برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور امن کے فروغ کےلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایوان بالانے بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کےلئے قابل تحسین اقدامات اٹھائے ہیں ۔