وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد

101
Federal Interior Minister
Federal Interior Minister

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کرسمس کے پرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دی ہے ، اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کرسمس کا تہوار محبت، امن اور بھائی چارے کی علامت ہے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو پوری انسانیت کے لیے امن، بھائی چارے اور احترام کی علامت بنا کر اس دنیا میں بھیجا گیا۔

یہاں جاری ہینڈ آئوٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے رواداری، محبت اور ہمدردی کی اعلیٰ اقدار کی تبلیغ کی، کرسمس پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن خوشیوں کے ساتھ انسانیت کے احترام کا پیغام بھی دیتا ہے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کامحور ایک طبقہ نہیں بلکہ پوری انسانیت تھی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے قومی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کےلئے رکھا،اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہمارا فرض ہے، پاکستان میں تمام اقلیتی برادریوں کو ہر طرح سے مکمل آزادی حاصل ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا آئین اقلیتی برادریوں کے حقوق کا تحفظ کا ضامن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کا کردار شک و شبہ سے بالاتر ہے، دعاگو ہوں کہ کرسمس مسیحی برادری کے لئے مزید کامیابیاں لے کر آئے۔