’’پاک ۔ چین پائیدار مستقبل کا ویژن: ماحولیاتی تحفظ اور عالمی ہم آہنگی ‘‘کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

106
China and Pakistan

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):چائنا میڈیا گروپ اور انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے اشتراک سے ’’پاک ۔ چین پائیدار مستقبل کا ویژن: ماحولیاتی تحفظ اور عالمی ہم آہنگی ‘‘کے موضوع پر بدھ کو سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہرین نے چینی صدر کے "ماحولیاتی تہذیب”کے وژن اور پاکستان کے ماحول دوست اقدامات کو اجاگر کیا۔

سیمینار میں پالیسی سازوں، ماحولیاتی ماہرین اور محققین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی اور ماحولیاتی تحفظ کو معاشی ترقی کے ساتھ ضم کرنے پر زور دیا ۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی صبحین غوری نے کہا کہ ہمیں ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے پاک۔چین باہمی تعاون پر مشتمل منصوبہ جات کو پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہیے۔

مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے صدر سینئر سفارت کار جوہر سلیم نے چائنا میڈیا گروپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چین کی ماحول دوست پالیسیوں کو اجاگرکیا۔ اس موقع پر موضوع سے متعلق چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے تیار کی گئی مختصر دستاویزی فلمیں بھی پیش کی گئیں، جن میں چین کے مختلف علاقوں کے قدرتی مناظر اور ماحول دوست پالیسیوں کی ترجمانی کی گئی تھی ۔

شرکاء نے چین کے ماحولیاتی تحفظ اور عالمی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کیے جانے والے اقدامات ، گرین سلک روڈ ، بی آر آئی ، سی پیک اور سبز ترقی سے متعلق منصوبوں پر بھی گفتگو کی اور اس ضمن میں چین ۔ پاکستان تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر چائنا میڈیا گروپ اور انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کی جانب سے مقررین کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔