لاہور۔1جنوری (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی سال 2024 میں پنجاب پولیس کی فلاح وبہبود کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ سال کے دوران صوبہ بھر میں میرٹ و سنیارٹی کے مطابق 05 ہزار سے زائد پروموشنز اور تعلیمی اداروں وہسپتالوں کے ساتھ 08 ایم او یوز سائن کئے گئے۔اسی طرح سال2024 میں پولیس ملازمین سمیت ان کے اہلخانہ کے علاج معالجے پر 28 کروڑ 19 لاکھ روپے بطور میڈیکل فنانشل اسسٹنس خرچ اور پولیس ملازمین کے بچوں کیلئے 78 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد تعلیمی سکالرشپس کی مد میں جاری کئے گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گزشتہ سال میں صوبے کے 599 تھانوں کو سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز پروٹوکول پر منتقل اورصوبے کے مختلف اضلاع میں 39 سمارٹ پولیس اسٹیشنز کی تعیمر کا عمل شروع کیا گیا،رحیم یار خان، راجن پور کے کچہ ایریا میں 19 نئی چوکیاں بنانے کی منظوری حاصل کی گئی، ڈی جی خان، لیہ، میانوالی وبھکر میں 30 بارڈر پوسٹس کی تعمیر شروع کروائی اور کچے کے علاقے میں فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کے لیے ہاڑد ایریا الائونس کی منظوری حاصل کی گئی۔
اسی طرح سپیشل برانچ پنجاب میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس سنٹر و پیپر لیس کمپیوٹرائزڈ سسٹم رائج اور مری میں سپیشل برانچ کے ضلعی دفتر کا قیام عمل میں لایا گیا، قربان لائنز میں خواتین اہلکاروں کے لیے ہاسٹل کی تعمیر کا آغاز اورتھانوں کو ذاتی بلڈنگز میں شفٹ کرنے کے لیے حکومت پنجاب سے 30 پلاٹس کی منظوری لی گئی۔ترجمان کے مطابق صوبہ بھر کے پولیس خدمت مراکز پر 26 لاکھ سے زائد شہریوں کو سہولیات فراہم اور ڈرائیونگ لائسنس سنٹرز پر01 کروڑ 91 لاکھ سے زائد شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس بنائے گئے۔
اسی طرح میثاق سنٹرز پر85 ہزار سے زائد اقلیتی شہریوں کو سروسز فراہم اور پولیس افسران و ملازمین کی ویلفیئر پر 02 ارب 32 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز خرچ ،دوران سروس وفات پانے والے افسران و اہلکاروں کیلئے 02 اب 46 کروڑ سے زائد مالی امداد گرانٹ کی منظوری،شہدا کی فیملیز کو گھروں کی تعمیر کے لیے 170 پلاٹس اور 03 کروڑ 60 ہزار روپے فراہم کیے گئے جبکہ دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے 241 اہلکاروں کے علاج معالجے پر 08 کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے گئے۔