اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):اسلام آباد کے سرینا چوک انٹرچینج منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے جس میں تین انڈر پاسز شامل ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کا دورہ کرتے ہوئے ڈیڈ لائن کے اندر کام مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔محسن نقوی نے منصوبے کی خوبصورتی کے پلان کا جائزہ لیا اور بیوٹیفکیشن پلان کی منظوری دی۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈر پاس اگلے پانچ روز میں مکمل کر لیا جائے گا تاہم ٹریفک کے لیے کھولنے سے پہلے نالے کا کام مکمل کرنا ضروری ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو نالے کا کام فوری مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اگرچہ کام شروع ہونے میں دس روز کی تاخیر ہوئی، لیکن تمام تر توانائیاں لگا کر یہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ نے پراجیکٹ کے اطراف درختوں اور پودوں کی حفاظت یقینی بنانے اور بہترین آرائش کا حکم بھی دیا۔سرینا چوک انٹرچینج منصوبہ اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ایک اہم فلاحی اقدام ہے جو شہر کی ٹریفک کے مسائل حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔