اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے بیرون اور اندرون ملک فضائی آپریشنز میں بڑے پیمانے پر توسیع کا اعلان کر رکھا ہے جس کے تحت کویت، بحرین ، دوحہ ، سمیت دمام اور جدہ کے لئے نئی بین الاقوامی پروازیں آپریشن میں شامل کر لی گئی ہیں۔پی آئی اے کارپوریٹ کمیونیکیشن ڈویژن کے مطابق اندرون ملک پروازوں میں کراچی اور پشاور کے درمیان ہفتہ وار اضافی پروازوں کے ساتھ ملکی نیٹ ورک کو وسعت دے دی گئی ہے۔
کراچی سے پشاور کے لئے تیسری ہفتہ وار پرواز 25 جنوری سے شیڈول کا حصہ بنے گی۔ پی آئی اے نے لاہور سے کویت کے لئے بھی ہفتہ وار دو طرفہ پروازیں 25 جنوری سے بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح لاہور سے دمام کے لئے نئی ہفتہ وار دو پروازیں 22 جنوری سے اڑان بھریں گی۔ قومی ائیرلائن کی سیالکوٹ سے بحرین کے لئے ہفتہ وار پرواز 20 جنوری سے جبکہ سیالکوٹ سے دوحہ کے لئے نئی دو طرفہ ہفتہ وار پرواز کا 21 جنوری سے آغاز ہو گا۔
فضائی آپریشن میں اضافی پروازیں سیالکوٹ سے جدہ کے لئے 20 جنوری سے چلائی جائیں گی۔ پی آئی اے اپنے مسافروں کی سہولت کے پیش نظر بیرون اور اندرون ملک آسان رسائی سمیت روابط کو جوڑنے کیلئے ایسے اقدامات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھے گی ۔