اقوام متحدہ۔7جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی)نے غزہ کی پٹی میں اپنے امدادی قافلے پر اسرائیلی فائرنگ کی مذمت کی ہے۔
شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے معمول کی بریفنگ کے دوران کہا کہ ڈبلیو ایف پی نے غزہ کی پٹی میں اپنے امدادی قافلے پر اسرائیلی فائرنگ کی مذمت کی اور فریقین پر زور دیا کہ وہ پورے خطے میں انسانی امداد کی محفوظ فراہمی کی اجازت دیں۔
ڈبلیو ایف پی کا کہنا ہے کہ تین گاڑیوں پر مشتمل قافلہ جس میں عملے کے8ارکان سوار تھے ،پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی اور کم از کم 16 گولیاں گاڑیوں کو لگیں، تاہم اس واقعے میں عملے کا کوئی رکن زخمی نہیں ہوا۔ یواین ترجمان نے کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام اور ہم تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کریں، شہریوں کی حفاظت کریں اور غزہ میں انسانی امداد کو محفوظ طریقے سے گزرنے کی اجازت دیں۔
ڈبلیو ایف پی نے کہا کہ یہ ناقابل قبول واقعہ اس پیچیدہ اور خطرناک ماحول میں کام کرنے کی صرف تازہ ترین مثال ہے جس میں وہ اور دیگر ادارے کام کررہے ہیں۔