89

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):سرکار ی سکیم کے تحت حج درخواستوں کی تعداد 84ہزار350 تک پہنچ گئی ہے۔یہ بات وزارت مذہبی امورکے ترجمان نے جمعرات کو ’’اے پی پی ‘‘ سے خصوصی گفتگو کے دوران بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم میں بچ جانے والے 5ہزار کے کوٹے کےلئے درخواستوں کی وصولی کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا تھا جس کے تحت اب تک موصول ہونے والی حج درخواستوں کی تعداد 84ہزار350 ہوگئی ہے، مزید 2500 درخواستوں کی وصولی کا ہدف ابھی باقی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سرکاری سکیم کے تحت تقریباً 87ہزار کے قریب جبکہ مجموعی طور پرسرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے تحت ایک لاکھ 79ہزار210پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ وزار ت مذہبی امور موثر انداز میں حج انتظامات کر رہی ہے تاکہ عازمین کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو چاہیے کہ وہ وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ اور پاک حج ایپ 2025 سے منسلک رہیں تاکہ حج سے متعلق انہیں تمام معلومات سے آگاہی رہے۔

انہوں نے کہا کہ تربیت حاصل کرنا حج پالیسی کا ایک اہم جزو ہے، تمام عازمین 16 جنوری سے 26 فروری تک حج تربیتی پروگرامز میں شرکت کو یقینی بنائیں، حج تربیتی سرٹیفکیٹ کے بغیر کوئی بھی شخص فریضہ حج کی سعادت حاصل نہیں کرسکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تربیتی پروگرامز ملک کے تمام اضلاع اور تحصیل کی سطح پر منعقد ہوں گے، ہر عازم حج کوان کے تربیتی سیشن سے متعلق آگاہی ایس ایم ایس، موبائل ایپ اور ویب سائٹ کے ذریعے دی جارہی ہے ،جو لوگ اپنے مرکزی مقام سے کام کے سلسلے میں دور ہیں وہ اپنے قریبی حاجی کیمپ یا تربیتی مرکز سے رجوع کرکے اپنی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔