این ڈی ایم اے کا غذائی تحفظ اور پانی کے کمی کے موضوع پر اجلاس

131
NDMA
NDMA

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے پانی کی کمی اور غذائی تحفظ جیسے اہم مسائل کے حل کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں، وزارتوں، محکموں اور تنظیموں کے نمائندگان کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔

اجلاس جمعرات کو این ڈی ایم اے ہیڈ کواٹرز، اسلام آبادمیں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان میں پانی کے انتظام کے حوالے سے حکمت عملیوں اور اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے شرکاء کو پانی کی کمی اور غذائی تحفظ کے حوالے سے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لئے اتھارٹی کی جانب سے جاری کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے قدرتی آفات کے خطرات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کے تدارک اور قبل از وقت انتباہی نظام میں این ڈی ایم اے کے اقدامات کے بارے میں بھی تفصیلاً آگاہ کیا۔سیشن کا اختتام شرکاء کی جانب سے پانی کی کمی اورغذائی تحفظ کے حوالے سے پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تجاویز کے ساتھ ہوا۔اجلاس کے دوران پاکستان میں استحکام اور مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے حکومتی اداروں، نجی شعبے کے سٹیک ہولڈرز اور ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔