کراچی۔17جنوری (اے پی پی):پاکستان سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) کے چیئرمین عاکف سعید کی قیادت میں اعلیٰ انتظامیہ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)، نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (این سی سی پی ایل) اور پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج (پی ایم ای ایکس) کے چیئرپرسنز اور سینئر نمائندوں کے ساتھ ملاقات کی تاکہ کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی کے لیے متعلقہ اداروں کے تین سالہ سٹریٹجک منصوبوں پر بات چیت کی جا سکے۔ پی ایس ایکس کے ساتھ ملاقات کے دوران ایکسچینج کی سینئر انتظامیہ نے اپنے سٹریٹجک منصوبے پیش کیے جو موثر گورننس، عملیاتی عمدگی اور مارکیٹ کی ترقی سے متعلق اہداف پر مرکوز تھے۔ ایس ای سی پی کے چیئرمین نے خاص طور پر نئی پروڈکٹس کی ترقی، سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اڈے میں اضافہ اور نئے آئی پی اوز کو راغب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
این سی سی پی ایل کے ساتھ منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں ایس ای سی پی کے چیئرمین نے مئی 2025 کے آخر تک سیٹلمنٹ سائیکل کی ہموار منتقلی کی ضرورت پر زور دیا۔ دیگر اقدامات کے حوالے سے شرکاء نے کیپیٹل مارکیٹ میں مالی اداروں کی مزید فعال شرکت کے لیے مشغول ہونے، مارجننگ نظام میں اصلاحات اور زیادہ مارکیٹ رسائی کے لیے آگاہی سیشنز کے انعقاد کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ ایس ای سی پی کی انتظامیہ نے علیحدہ علیحدہ پی ایم ای ایکس کی انتظامیہ سے بھی ملاقات کی تاکہ اجناس کی مارکیٹ کے سٹریٹجک منصوبے خاص طور پر رسک مینجمنٹ نظام، داخلی گورننس، ویئر ہائوسنگ انفراسٹرکچر اور زرعی اجناس کی مستقبل اور سپاٹ مارکیٹ کی ترقی پرغور کیا جا سکے۔ ایس ای سی پی کے چیئرمین نے کمشنر اور سپیشلائزڈ کمپنیز ڈویژن کے سینئر عہدیداروں کے ہمراہ پاکستان میوچل فنڈز ایسوسی ایشن (ایم یو ایف اے پی) کے ساتھ ایک اجلاس بھی منعقد کیا۔
اس اجلاس میں کیپیٹل مارکیٹ میں میوچل فنڈز انڈسٹری کے کردار اور نان بینکنگ فنانس کمپنیز ریگولیشنز، 2008 میں حالیہ ریگولیٹری اصلاحات پر توجہ دی گئی۔ ان مشاورتی نشستوں سے کیپیٹل مارکیٹ کے پائیدار ترقی کے لیے متعلقہ کیپیٹل مارکیٹ انفراسٹرکچر اداروں کے ایجنڈے کے ساتھ ہم آہنگی کرنے میں کافی مدد ملے گی۔