سیالکوٹ۔ 21 جنوری (اے پی پی):سیالکوٹ میں ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام سپورٹس ایونٹ فار گرلز ٹیچرز 2025ء منعقد ہوا جس میں خواتین اساتذہ کرام کی بڑی تعداد نے پرجوش انداز میں شرکت کی اور خوب لطف انداز ہوئیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق پہلی دفعہ ہے کہ اساتذہ کے لیے بھی کھیلوں کا میدان سجایا گیا ہے اور مختلف اداروں میں کھیلوں کے مختلف مقابلہ جات کروائے گئے ہیں۔ سیالکوٹ میں منعقد ہونے والے ان مقابلوں کا باقاعدہ آغاز 18 جنوری 2025ء کو ہوا اور آج مورخہ 21 جنوری کو یہ مقابلے اختتام پذیر ہوئے۔ خواتین اساتذہ کے لیے کل پانچ اقسام کے کھیلوں کے مقابلے ہوئے جن میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، کرکٹ، ٹگ آف وار اور شطرنج شامل تھے۔
گورنمنٹ علامہ اقبال گریجویٹ کالج برائے خواتین کی اساتذہ کرام نے پانچویں مقابلہ جات جیت کر اپنے ادارے کا نام روشن کیا ہے۔ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج آف کامرس نے بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلوں کے لیے گورنمنٹ علامہ اقبال گریجویٹ کالج برائے خواتین میں شرکت کی اور ٹگ آف وار کے مقابلوں کے لیے گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین حاجی پورہ سیالکوٹ میں شرکت کی۔
شطرنج کے مقابلے ادارہ ہذا گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج آف کامرس سیالکوٹ میں منعقد کروائے گئے۔ مقابلوں میں حصہ لینے والے اساتذہ کرام اور ان خواتین کالجز کی پرنسپلز نے ان مقابلوں کے انعقاد کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے ایک بہترین ایکٹویٹی قرار دیا ہے جس سے اساتذہ کرام کو اپنا ٹیلنٹ کھل کر پیش کرنے کے مواقع میسر آئے ہیں جس سے وہ اپنے طلباء کی پڑھائی کو مزید بہتر طریقے سے آگے لے جا سکیں گی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پرنسپل گورنمنٹ علامہ اقبال گریجویٹ کالج برائے خواتین پروفیسر زیبا ظہور کا کہنا تھا کہ ایچ ای ڈی کی جانب سے منعقد کردہ یہ ایک خوش گوار اور پر جوش تقریب رہی جس میں اساتذہ کو پہلی مرتبہ سپورٹس مین شپ دکھانے کے مواقع میسر آئے ہیں۔
پرنسپل گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج آف کامرس سیالکوٹ پروفیسر طاہرہ فتح محمد، پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین حاجی پورہ سیالکوٹ پروفیسر ریحانہ کامران اور پرنسپل گورنمنٹ نواز شریف کالج برائے خواتین پسرور روڈ سیالکوٹ پروفیسر گلزیب وقاص اعوان بھی اس موقع پر یہاں موجود تھیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=549212