ملتان ۔ 22 جنوری (اے پی پی):کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ تاجر برادری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، انتظامیہ تاجروں کے جائز مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے،کمشنر آفس کے دروازے ہر خاص و عام کیلئے کھلے ہیں، واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فعال رکھنے کیلئے تاجر برادری کا ساتھ درکار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
صدر چیمبر آف کامرس میاں بختاور تنویر شیخ نے کمشنر کو ملتان کے مسائل بارے آگاہ کیا۔اس موقع پر عامر کریم خاں نے کہا کہ پھلدار پودوں کی شجرکاری میری ترجیحات میں شامل ہے، تاجر برادری تجاوزات کے خلاف کارر وائی میں انتظامیہ کا ساتھ دے۔وفد میں سینئر وائس پریزیڈنٹ محسن مسعود خواجہ، وائس پریزیڈنٹ اظہر بلوچ، کنوینئر گورنمنٹ لائزون کمیٹی خواجہ محمد حسین اور جنرل سیکرٹری ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری محمد شفیق موجود تھے۔