یونیورسٹی آف گوادر میں مینجمنٹ سائنسز، ایجوکیشن اور کیمسٹری میں پوسٹ گریجویٹ کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ

67

کوئٹہ۔ 24 جنوری (اے پی پی):یونیورسٹی آف گوادر میں جلد ہی مینجمنٹ سائنسز، ایجوکیشن اور کیمسٹری میں ایم فل اور ایم ایس کی کلاسز کا آغاز کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں انتظامی اور تدریسی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور احمد، رجسٹرار دولت خان، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈین فیکلٹی آف سائنسز ڈاکٹر محب اللہ، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر رابعہ

ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر محمد ارشاداور چیئرمین مینجمنٹ سائنسز فدا حسین سمیت مختلف شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم فل اور ایم ایس پروگرامز کا آغاز اگلے سمسٹر سے کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں رواں ماہ کے آخر میں یونیورسٹی سینٹ کے دوسرے اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے ضروری ہدایات دی گئیں۔نئے سمسٹر کے کامیاب آغاز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول اور سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے انتظامی اور تدریسی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔