لاہور۔27جنوری (اے پی پی):پنجاب پولیس شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کے علاج معالجے کیلئے پرعزم ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے زخمی اہلکاروں کو طبی اخراجات کیلئے 36 لاکھ 50 ہزار روپے کے فنڈز جاری کر دیئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق زخمی سب انسپکٹر محمد اعجاز کو طبی اخراجات کیلئے 15 لاکھ روپے دئیے گئے۔
زخمی سب انسپکٹر طاہر سلیم، کانسٹیبل محمد آصف کو طبی اخراجات کیلئے 5 لاکھ روپے فی کس جاری کئے۔زخمی سب انسپکٹر خرم شہزاد کو طبی اخراجات کیلئے 3 لاکھ روپے جاری کیے گئے، زخمی ہیڈ کانسٹیبل سجاد اختر، کانسٹیبل وسیم عباس کو طبی اخراجات کیلئے 2 لاکھ روپے فی کس دئیے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ زخمی کانسٹیبلز حمزہ آصف، راشد علی، کاشف علی کو طبی اخراجات کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے فی کس دئیے گئے ۔
ترجمان کے مطابق افسران و اہلکار فرائض کی ادائیگی کے دوران مختلف واقعات میں زخمی ہوئے تھے،ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر عمران ارشاد کی زیر صدارت کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی نے فنڈز اجرا کی منظوری دی۔آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ پولیس غازیوں کا بہترین علاج اور جلد از جلد بحالی اولین ترجیح ہے، ہر ممکن تعاون کا عمل جاری رہے گا ،سپروائزری افسران غازی اہلکاروں کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں ۔