ساہیوال۔ 27 جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دھی رانی پروگرام کے تحت ضلع ساہیوال میں 47جوڑوں کی شادی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ اور ممبر قومی پیر عمران احمد شاہ ولی مہمانان خصوصی تھے۔ تقریب میں ممبران صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم، ملک محمد ارشد، نوید اسلم خان لودھی، پیر ولائت شاہ کھگہ، کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید،ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ڈی جی سوشل ویلفیئر خواجہ ذیشان سکندر، ڈی پی او ساہیوال رانا طاہر رحمان، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئرعاصمہ نورین اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عباس بھی موجود تھے۔ ہر شادی شدہ جوڑے کو2لاکھ روپے کا جہیز اور ایک لاکھ روپے سلامی دی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ دھی رانی پروگرام سماجی ترقی کا ایک اور تاریخی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تقریب ’ریاست ہوگی ماں کی جیسی‘ کی عملی تصویر ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سماجی بہبود کے لئے دوررس اقدامات اٹھائے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر صوبے کے ہر ضلع میں دھی رانی پروگرام کا انعقاد کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست ماں کا کردار اداکرے گی تو ہی ریاست مدینہ بنے گی۔اجتماعی شادیوں کی اس تقریب کا اختتام جھومر کے شاندار شو پر کیا گیا۔ مہمان خصوصی پیر عمران احمد شاہ نے جھومر پارٹی کو نقدانعام دیا۔ تقریب میں پاسٹر نوید کاشف نے بھی خصوصی دعا کرائی اور تقریب کے مہمانان خصوصی نے تمام شادی شدہ جوڑوں کو ایک ایک لاکھ روپے سلامی دی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=552137