اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے چیئرمین شبیر دیوان کی قیادت میں ملاقات کی جس میں کاروباری برادری کو درپیش اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر کو وزارت تجارت سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی بی سی کے وفد نے وفاقی وزیر تجارت سے ملاقات میں پاکستان میں کاروباری لاگت اور صنعتی ترقی کے لئے ٹیرف میں کمی بالخصوص صنعتوں کے لئے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنے پر تبادلہ خیال کیا ۔
مزید برآں وفد نے تجویز دی کہ نیشنل ٹیرف کمیشن دیگر ممالک سے ڈمپنگ کے خلاف تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے جس پر وزیر تجارت نے پاکستان بزنس کونسل کو تحریری تجاویز جمع کرانے کی ہدایت کی اور وفد کو یقین دلایا کہ ٹیرف کی تنظیم نو کے عمل میں ان کی سفارشات کو مدنظر رکھا جائے گا۔ جام کمال نے کہا کہ این ٹی سی کے آپریشن کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے وفد کو آگاہ کیا کہ توانائی کی قیمتوں کے مسائل پہلے ہی متعلقہ اداروں کے ساتھ اٹھائے جا چکے ہیں، ایسا تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ وزارت تجارت ٹیرف تجاویز کو فنانس ڈویژن میں بھیجنے سے پہلے ہر شعبے سے مشاورت کر رہی ہے۔ جام کمال نے کہا کہ برآمداتی اہداف حاصل کرنے کے لئے صنعتوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کرناضروری ہے۔
انہوں نے صنعتوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے حکومت کے عزم اور اپنی ذاتی دلچسپی کا اعادہ کیا۔ملاقات میں وزیر تجارت نے عراق، کمبوڈیا اور جنوبی کوریا کے حالیہ دوروں سے حاصل کردہ معلومات بھی شیئر کیں۔ انہوں نے کاروباری برادری کو ان ممالک میں نئے تجارتی مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ممالک مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر ترقی کر رہے ہیں اور ان ممالک کے ساتھ تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=552330