بہاولپور۔ 27 جنوری (اے پی پی):اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے فیکلٹی ارکان نے صحرائے چولستان میں پنٹیرا فارمز کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد پائیدار زراعت اور اکیڈمی اور صنعت کے درمیان تعاون کو فروغ دینا تھا۔ ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین ترابی کی قیادت میں وفد میں ایگرانومی، سوائل سائنس، زوالوجی اور اینٹومولوجی کے ماہرین شامل تھے۔
پنٹیرا فارمز کے پراجیکٹ منیجر ڈاکٹر عطا اللہ خان نے فارم کے مقاصد، انفراسٹرکچر اور فصلوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ یہ فارم 5000 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے جوایک سولر انرجی کمپنی کا کارپوریٹ فارمنگ اقدام ہے جس کا مقصد گھریلو استعمال اور برآمد کے لیے چارے اور خوراک کی پائیدار فراہمی ہے۔ فیکلٹی ارکان نے سخت موسمی حالات، پانی کی فراہمی اور مٹی کے معیار جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے فارم کے اختراعی انداز کو سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=552431