اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز، اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) میں ”نیویگیٹنگ انسرٹینٹی: پرسپیکٹیو آن پوسٹ طالبان افغانستان اینڈ جیو پولیٹیکل فوٹسٹیپس“ کی تقریب رونمائی ہوئی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی سہیل محمود، سفیر منصور احمد خان، ڈپٹی ہیڈ آف مشن جرمن ایمبیسی اسلام آباد آرنو کرچوف، سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر خان اور حسن عباس نے خطاب کیا۔سہیل محمود نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک قریبی پڑوسی کے طور پر پاکستان افغانستان کے استحکام اور خوشحالی میں منفرد اور پائیدار دلچسپی رکھتا ہے، یہ ضروری ہے کہ عبوری افغان حکام سرحد پار دہشت گردی کے مسئلہ کو قابل قبول انداز میں حل کرنے میں مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تاریخ، ثقافتی روابط اور اقتصادی باہمی انحصار مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے باہمی تعاون پر مبنی نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ افغان حکومت عوام اور افغانستان کے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ زیادہ حساسیت اور زیادہ سمجھداری کے ساتھ بات چیت کرے۔ خرم دستگیر خان نے کہا کہ یہ کتاب ایک یاد دہانی ہے کہ افغانستان ایک حقیقت ہے اور اس سے نمٹنا ہے، انخلاء کے بعد افغانستان کئی دہائیوں میں پہلی بار علاقائی طور پر متحد ہے، منشیات میں زبردست کمی، پرائمری سکولوں میں داخلے میں اضافہ اور دیہی افغانستان پر بہت زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ حکومت کے ساتھ پاکستان کو مل کر کام کرنا ہوگا اور دہشت گردی جیسے کئی چیلنجز ہیں جو افغانستان اور پاکستان دونوں کے لئے خطرہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ان پیچیدگیوں کے درمیان راستہ تلاش کرنا ہوگا۔ افغانستان جنوبی ایشیا سے وسطی ایشیا تک ایک اہم ٹرانزٹ ملک ہے۔ شہریار خان نے کتاب کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ اس کتاب کا مقصد افغانستان کی پیچیدگیوں پر روشنی ڈالنا ہے جس سے ملک کی سیاسی، معاشی اور سماجی حقیقتوں کو جدا کرنے والے متنوع نقطہ نظر کو اکٹھا کیا جائے۔ ڈاکٹر حسن عباس نے طالبان کی گورننس، سیکورٹی اور علاقائی حرکیات سے متعلق اہم مسائل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طالبان نے قابل ذکر موافقت کا مظاہرہ کیا ہے، موجودہ بنیادی ڈھانچے کا زیادہ تر حصہ برقرار رکھتے ہوئے قندھار میں طاقت کا مرکز ہے، جہاں تمام بڑے فیصلے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کا اتحاد ان کی بقاء کی کلید ہے۔
سفیر منصور خان نے کہا کہ دوحہ امن معاہدے نے افغانستان میں جنگ کا خاتمہ کیا لیکن یہ اندرونی تنازعات کو حل کرنے میں ناکام رہا۔ انہوں نے کہاکہ افغان طالبان مکمل طور پر شورش سے گورننس کی طرف منتقل نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیکورٹی پر مبنی سیاسی نقطہ نظر کی طرف منتقل کرنے میں چیلنجز کا سامنا ہے جس میں مشغولیت کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ آرنو کرچوف نے عالمی سطح پر افغانستان کے اہم کردار اور اس کی ترقی میں جرمنی کی مسلسل حمایت کو تسلیم کیا۔ منشیات کی پیداوار میں نمایاں کمی کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے انسانی چیلنجز سے نمٹنے، انسانی حقوق کے تحفظ اور خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم کو ترجیح دینے کی اہم ضرورت پر زور دیا اور اسے کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے یہ اہم ہے۔سفیر خالد محمود نے اپنے اختتامی کلمات میں افغانستان کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے محتاط اور سٹرٹیجک نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے دہشت گردی، اقتصادی تعاون اور انسانی حقوق کو بنیادی خدشات قرار دیا اور کہا کہ دہشت گردی پاکستان کے لئے اس کی مشترکہ سرحد اور علاقائی حرکیات کی وجہ سے ایک اہم مسئلہ ہے۔ انہوں نے ان مسائل سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لئے علاقائی نقطہ نظر کی اہمیت پر زور دیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=552449