اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی عدم حاضری پر مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس ملتوی کر دیا ہے ،حکومتی مذاکراتی کمیٹی یہاں موجود ہے ، 45 منٹ تک انتظار بھی کیا مگر اپوزیشن نہیں آئی، تاہم مذاکراتی کمیٹی تحلیل نہیں کر رہے، وہ برقرار رہے گی۔منگل کو اسلام آباد میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سپیکر ایاز صادق کا کہا ک ہمیں امید تھی کہ آج اپوزیشن مذاکرات کے لیے آئے گی، نائب وزیر اعظم اسحٰق ڈار کی سربراہی میں حکومتی کمیٹی بھی آئی تاہم تقریباً 45 منٹ انتظار کرنے کے باوجود وہ نہیں آئے، ہم نے ان کے قائد حزب اختلاف کو بھی پیغام دیا جو ہمارے پاس محفوظ بھی ہے، لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
ہمیں توقع تھی کہ مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں، جب بیرسٹر گوہر میرے پاس آئے اور مذاکرات کی درخواست کی تو وزیر اعظم نے اسی روز کمیٹی تشکیل دے دی تھی، دونوں فریقین کے درمیان تین ملاقاتیں بھی ہوئیں اور آج بھی یہی توقع تھی کہ وہ آئیں گے، تاہم ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی غیر موجودگی کی وجہ سے آج مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے اور آج کی میٹنگ برخاست کی جاتی ہے، تاہم میرے دروازے آج بھی کھلے ہیں اور میں ایک مرتبہ پھر حکومت اور حزب اختلاف سے یہی توقع رکھتا ہوں کہ مذاکرات کے ذریعے ہی کوئی راستہ نکالا جائے گا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جب مذاکرات کا دور چلتا ہے تو شرائط پہلے سے نہیں رکھ دی جاتیں بلکہ پہلے بات چیت ہوتی ہے، پھر مطالبات زیر غور آتے ہیں، متبادل راستے نکالے جاتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے یہ بھی ممکن نہیں ہو سکا۔مذکراتی کمیٹی برقرار رہے گی، اسے تحلیل نہیں کر رہے، میں امید کرتا ہوں کہ شاید ایک بار پھر مذاکرات کا آغاز ہوجائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=552717