وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کا پائیدار ترقی کے اہداف کی ٹاسک فورس کے جائزہ اجلاس میں اظہار خیال

120
APP81-17 ISLAMABAD: May 17 - Ms. Marriyum Aurangzeb Minister of State for IB&NH chairing a meeting of Parliamentary Task Force on Sustainable Development Goals. APP

اسلام آباد ۔ 17 مئی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب جو پائیدار ترقی اہداف پر پارلیمانی ٹاسک فورس کی کنونیئر بھی ہیں، نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ویکسینیشن پروگرام کی شاندار کامیابی میں ارکان پارلیمان نے اہم کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحت اور ویکسینیشن پروگرام کے حوالے سے پائیدار ترقی کے اہداف کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس کے ارکان کی طرف سے جب بھی صحت سے متعلق کوئی معاملہ اٹھایا جاتا ہے تو وزارت صحت اور پلاننگ کمیشن فوری اقدامات اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے بچوں کی جان بچانے کیلئے حلقہ جاتی سطح پر ویکسینیشن پروگرام کو بہتر اور مضبوط بنانے کے سلسلے میں ارکان پارلیمان کے فعال کردار کی ضرورت پر زور دیا۔ پنجاب میں اس پروگرام کی کامیابی کے حوالے سے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں ویکسینیٹرز کی حاضری کو یقینی بنایا گیا اور ویکسینیشن کے عمل کی مانیٹرنگ کو بہتر کیا گیا ہے اور فیلڈ سٹاف کے ٹرانسپورٹیشن کے مسئلے کو حل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کے عمل کو ٹیکنالوجی بیسڈ سرویلنس کے ذریعے مزید تقویت دی گئی ہے اور خاندانوں کو جاری کئے گئے ویکسینیشن کارڈ میں چِپ کی وجہ سے ویکسینیٹرز کیلئے غلط اعداد و شمار جمع کرنا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں جو ویکسینیٹرز اپنے کام کو سنجیدگی سے نہیں لیتے انہیں فارغ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ اچھا کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ ای پی آئی کے ڈاکٹر ثقلین گیلانی نے کمیٹی کو بتایا کہ حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کے حوالے سے وفاقی وزارت صحت بہت متحرک کردار ادا کر رہی ہے، اس کا اندازہ اس سے کیا جا سکتا ہے کہ بلوچستان کو اس مقصد کیلئے 7 ارب روپے دیئے گئے ہیں۔