بھکر۔ 30 جنوری (اے پی پی):ضلع بھکر میں دفترصوبائی محتسب پنجاب کے پبلک سروس ڈلیوری سسٹم بارے آگاہی اور افادیت کے حوالہ سے ایک خصوصی سیشن دلیوالہ تحصیل دریا خان میں منعقد کیا گیا۔آگاہی سیشن میں صوبائی دفتر محتسب پنجاب کی سرکاری محکموں سے متعلق شکایات انکے فوری ازالہ کے طریقہ کار کے حوالہ سے شرکاء کو خصوصی طور پر آگاہی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر کنسلٹنٹ صوبائی محتسب پنجاب ریجنل آفس ڈاکٹر خالد حسین بلوچ نے سیشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکمہ جات سے متعلق شکایات کے حل کیلئے دفتر صوبائی محتسب پنجاب ایک مؤثر ذریعہ ہے جہاں انصاف کی فراہمی فوری یقینی بنائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آگاہی سیشن کا بنیادی مقصد عوام الناس میں دفتر صوبائی محتسب پنجاب کے کردار و افادیت بارے زیادہ سے زیادہ آگاہی عام کرنا ہے تاکہ عوام الناس مذکورہ دفتر سے رجوع کرکےاپنے مسائل کا فوری ازالہ یقینی بناسکیں۔
اس موقع پرکنسلٹنٹ صوبائی دفتر محتسب پنجاب ڈاکٹر خالد حسین بلوچ نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محتسب پنجاب کی مفت ہیلپ لائن 1050 چوبیس گھنٹے ہفتے کے ساتوں دن عوام الناس کی شکایات کے اندراج اور ان کی معاونت کیلئے دستیاب ہے علاؤہ ازیں صوبہ پنجاب کے سرکاری محکمہ جات کے خلاف دفتر محتسب پنجاب کی ویب سائٹ www.ombudsmanpunjab.gov.pk پر بھی شکایات کا اندراج کروایا جاسکتا ہے جبکہ نمائندہ دفتر محتسب پنجاب بھکر کے فون نمبر 0453921067 بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے
یا عوام الناس دفتر کے پتہ نزد ناصر ہسپتال چھنگ موڑ بھکر تشریف لاکر اپنے مسائل سے آگاہ کرسکتے ہیں۔سیشن کے اختتام پر کنسلٹنٹ محتسب پنجاب نے فرداًفرداً سائلین سے ملاقات کی اور ان سے مسائل پر مبنی درخواستیں وصول کیں۔اس موقع پر شرکاء نے فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کیلئے محتسب پنجاب کے کردار کو سراہا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553905