اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ مراکش کی دخلہ بندرگاہ کے قریب حالیہ سمندری واقعے میں بچ جانے والے 22 پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے رابطہ کر رہی ہے۔ جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ مراکش کے حکام کے ساتھ مکمل چھان بین اور رابطے کے بعد ان افراد کو پاکستان واپس بھیج دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان میں بعض پاکستانی دو پروازوں کے ذریعے اسلام آباد پہنچے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ رباط میں پاکستانی سفارت خانہ امدادی سرگرمیوں کی نگرانی اور وطن واپسی کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے کے لیے مراکش کے حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اہم ترجیح ہے اور وہ اس سلسلہ میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے کام جاری رکھے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553956