اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):پاکستان 7 سے 11 فروری تک کثیر القومی نویں امن مشق کی میزبانی کرے گا، اس سال کی مشق کی ایک اہم خصوصیت امن ڈائیلاگ ہوگی، جہاں بحری افواج کے سربراہان، کوسٹ گارڈز کے سربراہان اور دنیا بھر کے سینئر رہنما علاقائی بحری امور پر تبادلہ خیال سمیت سلامتی اور ترقی پذیر سمندری خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کے لیے جمع ہوں گے۔
یہ بات ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ”امن 25“ میں تقریباً 60 ممالک شرکت کریں گے جو بحری جہازوں، ہوائی جہازوں، سپیشل آپریشنز فورسز ، دھماکہ خیز مواد ڈسپوزل ٹیمز، میرینز اور مبصرین کے ساتھ شرکت کریں گے۔ دنیا بھر سے وفود بھی افتتاحی بین الاقوامی امن ڈائیلاگ میں شرکت کریں گے جو مشق کے ساتھ منعقد ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ امن سیریز علاقائی امن اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی پہچان ہے، 2007 میں شروع کی گئی افتتاحی مشق میں 28 ممالک نے شرکت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 2023 تک حصہ لینے والے ممالک کی تعداد 50 ہوچکی تھی جن میں بڑی بحری طاقتیں بھی شامل تھیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=554022