پشاور۔ 31 جنوری (اے پی پی):پشاورپولیس کے زیراہتمام گورنمنٹ شہید حسنین شریف سکول میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ ایس پی ہیڈکوارٹرزارباب شفیع اللہ جان اورسٹی ٹریفک پولیس پشاورکی ایجوکیشن ٹیم نے طلباء کوآگاہی دی۔ آگاہی سیمینارمیں اساتذہ‘ طلباء اوردیگر نے کثیرتعداد میں شرکت کی، ایس پی ہیڈکوارٹرزارباب شفیع اللہ جان اورٹیم نے سیمینارکے دوران طلبہ کو روڈ سیفٹی زیبرا کراس، سیٹ بیلٹ اورہیلمٹ کے استعمال اورفوائد سمیت ڈرائیونگ کے اصول اوراحتیاطی تدابیر بارے آگاہی دی، ایس پی ہیڈکوارٹرزنے طلبہ کو ٹریفک قوانین اورروڈ سیفٹی سے متعلق لیکچردیتے ہوئے کہا کہ دوران سفرسیٹ بیلٹ اورہیلمٹ کےاستعمال سے ٹریفک حادثات اورجانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس مختلف اوقات میں مختلف اداروں میں جا کرطلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو اورشہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔انہوں نے طلبہ کو یہ بھی تاکید کی کہ دوران ڈرائیونگ روڈ سیفٹی وسکیورٹی کا خاص خیال رکھتے ہوئے صبرو تحمل سے ٹریفک اصولوں کے مطابق گاڑی چلائیں۔ چیف ٹریفک آفیسرہارون رشید خان نےکہا ہے کہ ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھ کرلائن ڈسپلن اوردوسری گاڑیوں کا خیال رکھتے ہوئے گاڑی چلائیں دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریزکریں۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی عملداری سے ہی حادثات پرقابوپایا جاسکتا ہے، منظم ٹریفک کسی بھی مہذب معاشرے کی عکاس ہوتی ہے جبکہ پیشہ ورانہ تربیت کسی بھی درپیش صورتحال کابہترطورپر سامنا کرنے کا محور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری حادثات پرمؤثر قابو پانے کا ضامن ہے جبکہ پیشہ ورانہ تربیت کسی بھی درپیش صورتحال کا بہتر طورپرسامنا کرنے کا محور ہوتا ہے۔